” پہچان“ وفد کی پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے صدر اور صوبائی رہنما سے ملاقات

صحافیوں ، ادیبوں اور ایڈیٹرز کے پلیٹ فارم ” پہچان“ے وفد کی پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے صدر جناب خالد مسعود سندھو اور صوبائی رہنما مزمل ہاشمی سے ملاقات کی ۔

وفد میں اشرف سہیل ایڈیٹر روزنامہ مشرق، امجد اقبال ایڈیٹر روزنامہ جناح ، شاہد نذیر چودھری ملٹی میڈیا ہیڈ اردو پوائنٹ ، ذبیح اللہ بلگن ایڈیٹر روزنامہ پوسٹ مارٹم ، فرخ شہباز وڑائچ اینکر پرسن پی این این ، خالد ارشاد صوفی کالم نگار ، رانا تنویر قاسم ماہر تعلیم و کالم نگار، پیر ضیاء الحق نقشبندی کالم نگار روزنامہ جنگ شریک تھے۔

اس موقع پر پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو کا کہنا تھا کہ پاکستان کی تعمیر و ترقی کا واحد راستہ آئین پاکستان ہے ۔

جب تک پاکستان کی سیاسی جماعتیں آئین پاکستان پر عمل پیرا نہیں ہونگی عوام کی فلاح و بہبود کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا ۔ پاکستان میں عدلیہ سمیت دیگر ریاستی اداروں کو آئین پاکستان پر عمل کرنا ہوگا ۔

انہوں نے کہا ہم نے اپنی جماعت کا نام پاکستان مرکزی مسلم لیگ اس لیے تجویز کیا کہ پاکستان میں بہت ساری جماعتیں مسلم لیگ کے نام سے موجود ہیں تاہم وہ کسی نہ کسی شخصیت کا سیاسی گروپ ہیں ۔

ہم نے اپنی جماعت کا نام مرکزی مسلم لیگ اس لیئے رکھا ہے کہ یہ کسی شخصیت کی جماعت نہیں بلکہ فی الحقیقت اسلامیان پاکستان اور محبان پاکستان کی جماعت ہے ۔ انہوں نے کہا ہماری جماعت کے دروازے ہر عام و خاص کیلئے کھلے ہیں ۔

ہم سمجھتے ہیں کہ پاکستان میں اقلیتوں کے بھی وہی حقوق حاصل ہیں جو ایک راسخ العقیدہ مسلمان کو حاصل ہیں ۔

خالد مسعود سندھو نے کہا انتخابات کو بروقت ہونا چاہئے ہماری جماعت انتخابات کیلئے تیار ہے ۔ ہم عوامی خدمت کی ذریعے انتخابات میں حصہ لیں گے اور انشاء اللہ ہمارے امیدوار کامیاب ہونگے ۔

خالد مسعود سندھو نے کہا اس وقت پاکستان میں سیاست شخصیات کے گرد گھوم رہی ہے جبکہ ہم اپنی سیاست کا رخ عوام کی خدمت اور اللہ کی رضا کو قرار دیتے ہیں ۔ ہم نے پاکستان بھر میں فری دسترخوان ، سستی روٹی ، سستی سبزی جیسے عوامی منصوبے شروع کر رکھے ہیں ۔ ہمارا مقصد سیاست کے زریعے عوام کی فلاح و بہبود ہے ۔

انہوں نے کہا ہمارے امیدوار جاہ و حشمت کیلئے نہیں بلکہ عوامی خدمت کی غرض سے انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں ۔ الیکشن تو دور کی بات ہے ہمارے ٹکٹ ہولڈر تو ابھی سے عوام کے دکھ درد میں شریک ہیں ۔

انہوں نے مزید کہا ہم کسی سیاسی جماعت سے اتحاد یا سیٹ ایڈجسٹمنٹ نہیں کریں گے بلکہ اپنے انتخابی نشان پر الیکشن میں حصہ لیں گے۔

ہمیں پورا یقین ہے کہ عوام ہمارے عوامی خدمت کے ایجنڈے کو قبول کریں گے ۔ ہماری جماعت پاکستان کے ہر طبقہ کیلئے نمائندہ جماعت ہے ۔انہوں نے کہا ہماری جماعت میں کوئی مسلکی اور فروعی تقسیم نہیں ہے بلکہ ہماری جماعت ایک عوامی جماعت ہے اور یہ تمام پاکستانیوں کیلئے اپنے دروازے کھلے رکھے ہوئے ہے