یورپین یونین کی پاکستان کے سابق وزیراعظم عمران خان پر قاتلانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت

یورپین یونین نے پاکستان کے سابق وزیراعظم عمران خان پر قاتلانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

یورپین دارالحکومت برسلز میں ایک پریس کانفرنس میں گفتگو کرتے ہوئے یورپین یونین کی خارجہ امور کی ترجمان نبیلا مصرالی نے کہا کہ ہم عمران خان اور ان کے ساتھیوں پر قاتلانہ حملے کی انتہائی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔

اس کے ساتھ ہی ترجمان نے حکومت پاکستان کی جانب سے اس واقعے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کے فیصلے کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ تشدد کسی بھی شکل میں ہو وہ ناقابل قبول ہے اور اس سے جمہوریت کو نقصان پہنچتا ہے۔

یورپین یونین کی خارجہ امور کی ترجمان نبیلا مصرالی نے اس موقع پر تمام فریقین پر زور دیا کہ انہیں دھمکیوں اور تشدد سے گریز کرنا چاہیے۔

اس کے ساتھ ہی انہوں نے اس واقعے میں ہلاک اور زخمی ہونے والے افراد اور ان کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت و ہمدردی کرتے ہوئے ان کی مکمل صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

واضح رہے کہ 3 نومبر کو پی ٹی آئی لانگ مارچ کے دوران وزیر آباد میں عمران خان پر قاتلانہ حملہ کیا گیا تھا، جس میں پی ٹی آئی چیئرمین زخمی ہوئے تھے۔

واقعے میں ایک شخص جاں بحق اور پی ٹی آئی چیئرمین و دیگر رہنماؤں سمیت 13 افراد زخمی ہوئے تھے۔

فائرنگ کرنے والے شخص کو بعد میں کنٹینر کے قریب سے پکڑ لیا گیا تھا جس نے عمران خان پر فائرنگ کا اعتراف بھی کیا۔