جعلی اکاؤنٹ نے ابو کی جان کو خطرہ میں ڈال دیا، بلال مقصود کاخدشہ

پاکستان کے معروف لکھاری، دانشور اور مزاح نگار انور مقصود کے بیٹے و مایاناز گلوکار بلال مقصود نے والد کی زندگی خطرے میں ہونے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر گلوکار نے چند اسکرین شاٹ شیئر کیے جن میں سے ایک ان کے والد انور مقصود کے جعلی اکاؤنٹ کا تھا جس سے اشتعال انگیز ٹوئٹ کیا گیا تھا اور دوسرا مذکورہ اکاؤنٹ کی جانب سے گلوکار کو بلاک کرنے کے حوالے سے تھا۔

بلال مقصود نے مذکورہ ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ اس قسم کی جعلی ٹوئٹس نے میرے ابو کی جان کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔

انہوں نے انور مقصود کے نام سے چلائے جانے والے جعلی اکاؤنٹ کے حوالے سے مزید لکھا کہ اس آدمی نے مجھے پہلے ہی بلاک کر دیا ہے۔ براہ کرم آپ سب اس اکاؤنٹ کو رپورٹ کریں۔

انہوں نے ایک بار پھر بتایا کہ ابو سوشل میڈیا پر کچھ بھی پوسٹ نہیں کرتے۔ ان کے اصل اکاؤنٹ میں صرف 3 پوسٹس ہیں۔ ہم نے وہ اکاؤنٹ بنایا ہے تاکہ ہم تمام جعلی اکاؤنٹس کی اطلاع دے سکیں۔

خیال رہے کہ بلال مقصود انور مقصود کے نام سے منسوب اس جعلی ٹوئٹر اکاؤنٹ کی حقیقت سے آگاہ کرچکے ہیں۔