فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پریس کانفرنس کے دوران بات کاٹ دی۔
وائٹ ہاؤس میں پریس کانفرنس کے دوران فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے امریکی صدر کے اس دعوے کو مسترد کر دیا کہ یورپ یوکرین کو قرض دے رہا ہے۔
انہوں نے وضاحت دی کہ حقیقت میں یورپی یونین کی فنڈنگ میں قرض اور امداد دونوں شامل ہیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق پیر کو امریکی صدر ٹرمپ سے فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون کی وائٹ ہاؤس میں ملاقات ہوئی تھی۔
ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس میں امریکی صدر ٹرمپ نے کہا کہ یوکرین جنگ چند ہفتوں میں ختم ہو سکتی ہے، یوکرین جنگ کے خاتمے سے متعلق مذاکرات اچھی طرح آگے بڑھ رہے ہیں، یوکرین میں امن کے لیے یورپی افواج بھیجنے میں بظاہر کوئی مسئلہ نہیں۔
ٹرمپ نے کہا کہ یوکرینی صدر سے رواں ہفتے یا آئندہ ہفتے ملاقات کروں گا، کسی موقع پر روسی صدر سے بھی ملاقات کروں گا، مناسب وقت پر ماسکو جانے کے لیے تیار ہوں۔
دوسری جانب فرانسیسی صدر نے کہا کہ ہمارا مقصد یوکرین میں دیرپا امن قائم کرنا ہے، یوکرین کو سلامتی کی ضمانت دینے کے لیے تیار ہیں۔