اکرم ابڑو اور اُن کے بیٹے کی نمازِ جنازہ ادا کر دی گئی

گزشتہ روز کراچی کے علاقے ڈیفنس میں فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے اکرم ابڑو اور اُن کے بیٹے کی نمازِ جنازہ ادا کر دی گئی ہے۔

جیکب آباد شہری اتحاد کے صدر اکرم ابڑو ایم پی اے اسلم ابڑو کے بھائی تھے۔

ایم پی اے اسلم ابڑو کے بھائی اور بھتیجے کی نمازِ جنازہ میں ارکانِ اسمبلی، ڈپٹی کمشنر، پولیس حکام اور سیاسی شخصیات نے شرکت کی۔

مقتولین کی تدفین درگاہ مہر شاہ کے قریبی آبائی قبرستان میں کی جائے گئی۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین، وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے رکنِ سندھ اسمبلی اسلم ابڑو کے بھائی اور بھتیجے کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اکرم ابڑو اور شہریار ابڑو کا بہیمانہ قتل دہشت گردی ہے۔

انہوں نے کہا کہ قاتل جلد قانون کی گرفت میں ہوں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی کے علاقے ڈیفنس قیوم آباد میں عائشہ مسجد کے قریب مسلح موٹر سائیکل سوار ملزمان نے کار پر فائرنگ کر دی تھی، جس کے نتیجے میں پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن سندھ اسمبلی اسلم ابڑو کے بھائی اور بھتیجا موقع پر جاں بحق جبکہ 2 افراد شدید زخمی ہو گئے تھے۔