حکومت سکلز ایجوکیشن کے فروغ پر بھرپور اقدامات کر رہی ہے، وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی اور خصوصی اقدامات احسن اقبال کا تعلیم کے عالمی دن کے موقع پر نیشنل سکلز یونیورسٹی میں خطاب

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی اور خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت ہنر پر مبنی تعلیم پر توجہ دے رہی ہے اور اسے فروغ دینے کے لیے بھرپور اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں،ہمارے لیے یہ ضروری ہے کہ ہم اپنے تعلیمی نظام کو جدید رجحانات کے مطابق ڈھالیں۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار تعلیم کے عالمی دن کے موقع پر نیشنل سکلز یونیورسٹی (این ایس یو)میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر مختار احمد، وائس چانسلر این ایس یو ڈاکٹر محمد مختار اور طلباء اور اساتذہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

یاد رہے کہ دسمبر 2018 میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے امن اور ترقی کے لیے سیکھنے کے کردار کو منانے کے لیے 24 جنوری کو تعلیم کا عالمی دن منانے کا اعلان کیا تھا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ تعلیم کی حقیقتیں بدل چکی ہیں کیونکہ سکلز بیس ایجوکیشن نے ڈگری بیس ایجوکیشن سسٹم کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

وفاقی وزیر نے اساتذہ پر زور دیا کہ وہ تھیوری کے بجائے عملی علم کو فروغ دیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ وژن 2025 کے تحت قومی نصابی اصلاحات کا آغاز کیا گیا اور قومی نصاب کونسل بھی قائم کی گئی لیکن پچھلی حکومت نے اصلاحات کے ایجنڈے کو ‘متنازع’ بنا دیا۔ پروفیسر احسن اقبال نے کہا کہ چار اہم چیزوں یعنی نصابی اصلاحات، اساتذہ کی تربیت، امتحانات اور مدرسہ اصلاحات پر فوری توجہ دینے کی ضرورت ہے کیونکہ یہ وژن 2025 کا حصہ تھا لیکن بدقسمتی سے سابقہ حکومت نے ان منصوبوں کو روک دیا۔