’نواز کی وطن واپسی کی تاریخ، حامی ہی نہیں مخالفین نے بھی سنجیدگی سے لیا

سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی وطن واپسی کے بارے میں اب تک مسلم لیگ (ن) کے رہنمائوں کے امکانات پر مبنی بیان، تاریخوں اور مہینوں کے حوالے سے قیاس پر ہی مبنی ہوتے تھے لیکن اب ان کے برادر خرد شہباز شریف نے اگلے ماہ کی 21 تاریخ کو ان کی وطن واپسی کا باضابطہ اعلان کیا ہے۔

اس لئے صرف ان کے حامی ہی نہیں بلکہ مخالفین بھی اس تاریخ اور اعلان کو سنجیدگی سے لے رہے ہیں۔ انتخابی مہم کے مرحلے میں ’’نواز شریف کے ٹرک پر کس کس سیاسی جماعت کے قائد ہوں گے مسلم لیگ (ن) کے ذرائع کے مطابق میاں نواز شریف ماضی کی طرح اس مرتبہ بھی اپنے مرکزی رہنمائوں اور قابل ذکر حامیوں کے ساتھ چارٹرڈ طیارے کے ذریعے لاہور پہنچیں گے۔

ان کے تاریخ ساز استقبال کی تمام تیاریاں اور انتظامات بہت جلد شروع ہو جائیں گے اور اگر ان کی وطن واپسی میں کوئی تعطل پیدا نہیں ہوتا تو ابھی ان کے آنے میں ایک ماہ سے زیادہ کا عرصہ پڑا ہے لیکن ان کے آنے کے اعلان سے ہی ماحول میں گہما گہمی کے آثار نظر آرہے ہیں۔