بھارتی وزرائے دفاع اور داخلہ نے پاکستان پر الزامات کی بوچھاڑ کردی

بھارتی وزرائے دفاع اور داخلہ نے پاکستان پر الزامات کی بوچھاڑ کردی، بھارتی وزراء کا کہنا ہے کہ جب تک دہشت گردی کا خاتمہ نہیں ہو گا پاکستان سے مذاکرات نہیں ہوں گے۔

دفتر خارجہ پاکستان نے بھارتی الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام نئی دہلی کو اپنی تقدیر سے کھیلنے کی اجازت نہیں دینگے۔ تفصیلات کے مطابق قابض بھارتی حکومت نے کشمیر میں قابض بھارتی افواج کے خلاف پتھراؤ یا چھوٹے جرائم میں ملوث نوجوانوں کی رہائی کے لیے کشمیری قیادت کے تصور کو مسترد کر دیا ہے۔

مقبوضہ کشمیر میں بی جے پی کی انتخابی مہم کے دوسرے مرحلے میں حصہ لیتے ہوئے بھارتی وزیر دفاع اور داخلہ نے اتوار کو پاکستان کو الگ الگ دھمکیاں دیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ نے مقبوضہ کشمیر کے شہر نوشہرہ میں انتخابی ریلی میں دہشت گردی پر سخت موقف اختیار کیا اور کہا کہ کسی پتھر مارنے والے یا دہشت گرد کو نہیں چھوڑا جائے گا اور دہشت گردی کے خاتمے تک پاکستان سے کوئی بات چیت نہیں ہوگی۔

جے کے بی جے پی کے صدر رویندر رینا کی حمایت میں ریلی میں شاہ نے جموں و کشمیر کے نوجوانوں کو ’’شیر‘‘ کہہ کر مخاطب کیا۔ شاہ نے این سی اور کانگریس پر پاکستان کے ساتھ بات چیت کی وکالت کرنے کا الزام لگایا۔

انہوں نے کہا کہ میں فاروق عبداللہ اور راہول گاندھی کو بتانا چاہتا ہوں کہ دہشت گردی کے خاتمے تک پاکستان کے ساتھ کوئی بات چیت نہیں ہوگی۔