بھارتی صحافی نے پاک بھارت میچ قبل بابر اعظم سےفرمائش کردی

بھارتی صحافی وکرانت گپتا نے بھارت اور پاکستان کے درمیان ہائی وولٹیج مقابلے سے ایک روز قبل کپتان بابر اعظم سے ایک فرمائش کردی۔

کولمبو میں ہفتے کے روز پاکستانی کرکٹ ٹیم کا تربیتی سیشن ختم ہونے کے بعد بھارتی صحافی وکرانت گپتا نے پاکستانی کپتان بابر اعظم سے ایک بہت مختصر ملاقات کی۔

وکرانت گپتا نے اس ملاقات کے حوالے سے بھارتی میڈیا کو بتایا کہ ’جب بابر اعظم نیٹ میں ٹریننگ کر رہے تھے تو ان کے بیٹ سے آنے والی آواز دوسروں کے بیٹ سے کافی مختلف تھی، اس مختلف آواز نے میری توجہ اپنی جانب مبذول کرلی چنانچہ ٹریننگ سیشن ختم ہونے کے بعد میں نے بابر اعظم کو روکا اور ان سے کہا کہ مجھے آپ کا آٹوگراف چاہیئے تو اُنہوں نے مجھ سے کہا ٹھیک ہے دے دیں گے۔

اُنہوں نے کہا کہ بابر اعظم کا یہ جواب سن کر میں نے اُنہیں واضح کیا کہ میں کرکٹ کھیلتا ہوں اور مجھے آپ کے آٹوگراف کے ساتھ آپ کا ایک بیٹ چاہیئے۔

وکرانت گپتا نے کہا کہ میں اس پہلے آج تک کبھی کسی بھارتی کھلاڑی سے بھی بیٹ نہیں مانگا، اب دیکھتے ہیں کہ بابراعظم مجھے اپنا بیٹ دیتے ہیں یا نہیں۔

واضح رہے کہ ایشیا کپ 2023ء کے سپر 4 مرحلے کے بقیہ میچز سری لنکا کے شہر کولمبو میں کھیلے جائیں گے۔