اسرائیلی فوج نے فلسطینیوں کے خلاف جارحیت کی نئی حدیں پار کر دیں

اسرائیلی فوج نے فلسطینیوں کے خلاف جارحیت کی نئی حدیں پار کر دیں۔

مقبوضہ مغربی کنارے میں 20 سال کے سب سے بڑے فوجی آپریشن میں اب تک کم از کم 9 فلسطینی شہید اور 50 سے زیادہ زخمی ہو گئے، زخمیوں میں سے 10 کی حالت انتہائی نازک ہے۔

فلسطینی علاقوں جنین اور البیرہ میں اسرائیلی فوج نے وحشیانہ فضائی حملے کیے، رہائشی عمارتوں پر میزائل داغے، رہائشی علاقوں پر ڈرون حملے کیے۔

اسرائیلی فوج نے جنین کے پناہ گزین کیمپ میں بکتر بند فوجی بُل ڈوزرز داخل کر کے علاقہ سیل کر دیا، زخمیوں کے لیے ایمبولینس کو بھی آنے نہیں دیا گیا۔

اسرائیلی فورسز کی جانب سے ایک فلسطینی کو سر پر گولی مار کر شہید کر دیا گیا۔

فلسطینی صدر محمود عباس نے نہتے فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی آپریشن کو نیا جنگی جرم قرار دیتے ہوئے اسرائیل سے رابطے اور سیکیورٹی تعاون معطل کر دیا ہے۔

دوسری جانب وائٹ ہاؤس نے ایک بار پھر اسرائیل کے دفاع کے حق کی حمایت کی ہے۔

واضح رہے کہ اس سال کے آغاز سے اب تک اسرائیلی حملوں میں تقریباً 180 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔