اسرائیلی فوج کا اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر تبصرہ کرنے سے انکار

اسرائیلی فوج نے حماس کے سیاسی سربراہ اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا ہے۔

امریکی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج نے کا کہنا ہے وہ غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کا جواب نہیں دیتے۔

دوسری جانب حماس کا کہنا ہے کہ اسماعیل ہنیہ کو ایرانی صدر کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے بعد تہران میں ان کی رہائش گاہ پر اسرائیلی حملے میں شہید کیا گیا۔

اسماعیل ہنیہ 1980 کی دہائی کے آخر میں حماس میں شامل ہوئے اور اس کے بعد طویل عرصے سے حماس کے سینئر رہنما تھے۔

واضح رہے کہ فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے سیاسی سربراہ اسماعیل ہنیہ ایران کے دارالحکومت تہران میں اسرائیلی حملے میں شہید ہوگئے ہیں۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق حماس نے اسماعیل ہنیہ کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی ہے، وہ ایرانی صدر کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے لیے ایران گئے تھے۔

حماس کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ تہران میں اسرائیلی حملے میں اسماعیل ہنیہ شہید ہوئے، حملے میں ان کا ایک محافظ بھی شہید ہوا ہے۔