ترقی کا سفر جہاں سے رکا وہیں سے شروع کریں گے:نواز شریف

مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان کو ایشین ٹائیگر بنائیں گے، ترقی کا سفر جہاں سے رکا وہیں سے شروع کریں گے۔

پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد محمد نواز شریف نے پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ 180 ایچ ماڈل ٹاؤن کا دورہ کیا۔

وطن واپسی کے بعد نوازشریف کا مرکزی سیکرٹریٹ میں یہ پہلا دن ہے۔

مرکزی سیکرٹریٹ آمد پر پارٹی صدر شہباز شریف نے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ محمد نواز شریف کا استقبال کیا، محمد نواز شریف سے پارٹی کے مرکزی رہنماؤں نے بھی ملاقات کی۔

ملاقات کرنے والوں میں خواجہ محمد آصف، سیکرٹری جنرل احسن اقبال، چیئرمن الیکشن سیل سینیٹر اسحاق ڈار اور مرکزی سیکرٹری اطلاعات مریم اورنگزیب شامل ہیں۔

ملاقات کے دوران ملکی صورتِ حال اور پارٹی کی مستقبل کی سیاسی سرگرمیوں کے حوالے سے تبادلۂ خیال کیا گیا۔

اس دوران میاں محمد نواز شریف نے پارٹی رہنماؤں کو الیکشن کی تیاری کرنے کی ہدایت جاری کی۔

نواز شریف آئندہ الیکشن ضرور لڑیں گے: خواجہ آصف

بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کے دوران مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ نواز شریف فٹ ہیں، آئندہ الیکشن ضرور لڑیں گے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ لیول پلیئنگ فیلڈ سب کے پاس ہے، کھڈا شڈا کہیں نہیں ہے۔

ن لیگ کو سب سے رابطے کرنے چاہئیں: بشیر میمن

بعد ازاں مسلم لیگ ن کے رہنما بشیر میمن بھی نواز شریف سے ملاقات کے لیے ماڈل ٹاؤن پہنچے۔

بشیر میمن نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ نوازشریف سے ملاقات کے لیے ماڈل ٹاؤن آیا ہوں، ن لیگ کو سب سے رابطے کرنے چاہئیں۔

بشیر میمن کا یہ بھی کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے پاس لیول پلیئنگ فیلڈ ہے۔