پاکستان ایمبیسی تاشقند کی جانب سے گزشتہ روز کامن ویلتھ گیمز کے پاکستانی گولڈ میڈلسٹ نوح دستگیر بٹ کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد ۔ واضح رہے کہ نوح دستگیر بٹ نے تاشقند ازبکستان میں ایشین پاور لفٹنگ میں چار مزید پڑھیں
پاکستان کو نواز دو کے سلوگن سے مسلم لیگ ن نے انتخابی منشور جاری کر دیا
پاکستان کو نواز دو کے سلوگن سے مسلم لیگ ن نے انتخابی منشور جاری کر دیا۔
ن لیگ نے انتخابی منشور جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ چھوٹے کسانوں کو سود سے پاک قرضے فراہم کریں گے، فصل کے نقصان کی کمی پوری کرنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی استعمال کریں گے، تمام سرکاری دفاتر کو ماحول دوست بنائیں گے۔
انتخابی منشور میں کہا گیا ہے کہ پارلیمنٹ کی بالادستی کویقینی بنایا جائے گا، آرٹیکل 62 اور 63 کو اپنی اصل حالت میں بحال کیا جائے گا، عدالتی، قانونی، پنچایت سسٹم، تنازعات کے تصفیے کا متبادل نظام ہو گا، عدالتی، قانونی اور انصاف کے نظام میں اصلاحات کی جائیں گی، بر وقت اور مؤثر عدالتی نظام کا نفاذ کیا جائے گا، یقینی بنایا جائے گا کہ بڑے اور مشکل مقدمات کا فیصلہ ایک سال کے اندر ہو گا، چھوٹے مقدمات کا فیصلہ دو ماہ میں سنایا جائے گا، نیب کا خاتمہ کیا جائے گا، انسداد بدعنوانی کے اداروں اور ایجنسیوں کو مضبوط کیا جائے گا، ضابطہ فوجداری 1898 اور 1906 میں ترامیم کی جائے گیا، مؤثر، منصفانہ اور بروقت پراسیکیوشن ہو گی۔
ن لیگ کا انتخابی منشور میں کہنا ہے کہ عدالتی کارروائی براہ راست نشر کی جائے گی، کمرشل عدالتیں قائم کی جائیں گی، سمندر پار پاکستانیوں کی عدالتیں بہتر اور مضبوط بنائی جائیں گی، عدلیہ میں ڈیجیٹل نظام قائم کیا جائے گا، مالی سال 2025ء تک مہنگائی میں 10 فیصد کمی کی جائے گی، چار سال میں مہنگائی 4 سے 6 فیصد تک لائی جائے گی، پانچ سال میں ایک کروڑ سے زائد نوکریاں دی جائیں گی، کرنٹ اکاؤنٹ خساره جی ڈی پی کا 1.5 فیصد تک کیا جائے گا، پانچ سال میں سالانہ بر آمدات 60 ارب ڈالر تک پہنچانے کا ہدف مقرر کیا ہے۔
اللّٰہ نے موقع دیا تو منشور پر عمل کریں گے: نواز شریف
ن لیگ کے منشور کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا ہے کہ ماضی کی زیادتیوں کو فراموش کر کے مستقبل کی منصوبہ بندی کرنے آیا ہوں، ملکی عوام کی خدمت کرنے پر کئی بار جیل کا سامنا کرنا پڑا، آج شکایت لگانے کے موڈ میں نہیں، مستقبل کی بات کرنے آیا ہوں۔
نواز شریف کا کہنا ہے کہ انتخابات لڑنے کی بھرپور تیاری کر رہے ہیں، انتقام نہیں ترقی کی سیاست پر توجہ مرکوز ہے، اللّٰہ نے موقع دیا تو منشور پر عمل کریں گے، میثاق جمہوریت پر ہم سب نے دستخط کیے تھے، میثاق جمہوریت کی بہت زیادہ خلاف ورزیاں کی گئیں، ہمیشہ اصولوں پر سیاست کی۔
منشور سب پیش کرتے ہیں لیکن عمل کوئی نہیں کرتا: شہباز شریف
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ منشور سب پیش کرتے ہیں لیکن عمل کوئی نہیں کرتا۔
شہباز شریف نے کہا کہ چیمپئن شپ کے دعوے کرنے والوں نے 10سالوں میں جو کیا وہ عوام کے سامنے ہے۔
منشور کی تیاری میں اصلاحات کے عمل کی وجہ سے تاخیر ہوئی، عرفان صدیقی
تقریب کے آغاز میں گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنما عرفان صدیقی نے کہا کہ آج ہمارے منشور کے اعلان کی تقریب کے ساتھ ہی دھند چھٹ گئی ہے، نومبر میں قائدین نے ن لیگ کے منشور کی تیاری کا کام سونپا تھا، نواز شریف کی ہدایت تھی کہ منشور میں ایسی چیز نہ ہو جس پر عمل نہ کر سکیں۔
عرفان صدیقی کا کہنا ہے کہ منشور کی تیاری میں قیادت کی پوری رہنمائی حاصل رہی، منشور کی تیاری میں اصلاحات کا عمل بھی جاری رہا، اس وجہ سے تاخیر ہوئی، منشور بنانے کے لیے 32 کمیٹیاں تشکیل دی گئی تھیں، یہ منشور ایک دستاویز ہے، ماضی کی کارکردگی کو بھی اس کا حصہ بنایا گیا، نواز شریف نے منع کیا تھا کہ منشور میں جھوٹے خواب نہ دکھائے جائیں، منشور میں کوئی ایسی چیز نہیں جو ہم اقتدار میں آکر نہ کر سکیں۔