بگ باس او ٹی ٹی سیزن 2 کے امیدواروں کے نام سامنے آگئے

معروف بھارتی ٹی وی رئیلٹی شو ’بگ باس‘ کا نیا سیزن آج سے آن لائن اسٹریمنگ پلیٹ فارم ’جیو سنیما‘ پر دیکھا جاسکے گا۔

بھارتی میڈیا پورٹس کے مطابق آج رات سے رئیلٹی شو بگ باس OTT کے دوسرے سیزن کے ساتھ ڈیجیٹل ڈیبیو کرنے والا ہے، اس پروگرام میں انٹرٹینمنٹ کی دنیا کی کئی نامور شخصیات نظر آئیں گی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ رئیلٹی شو اب جیو سنیما پر 24 گھنٹے ہفتے کے ساتوں دن لائیو اسٹریمنگ پر دیکھا جاسکے گا۔ شو کے منتظمین کے مطابق ناظرین پہلی بارلائیو انٹرایکٹیویٹی آپشن سے شو کے امیدواروں کے ساتھ بات چیت کرسکیں گے۔

صرف اتنا ہی نہیں بلکہ ناظرین کے پاس ہفتہ وار راشن، امیدواروں کو بے گھر کرنے اور ٹاسک دینے کی صلاحیت بھی ہوگی۔

رئیلٹی شو بگ باس OTT کے دوسرے سیزن کا پریمیئر آج رات 9 بجے جیو سنیما پر نشر کیا جائے گا۔

بگ باس او ٹی ٹی سیزن 2 کے کچھ امیدواروں کے نام مختلف ذرائع سے سامنے آئے ہیں جن میں عالیہ صدیقی، فلک ناز، آکانکشا پوری، انجلی اروڑہ، اویناش سچدیو، پلک پورسوانی، جیا شنکر، پونیت، سائرس بروچا اور بیبیکا دھووے شامل ہیں۔

اس شو کی میزبانی بالی ووڈ سُپر اسٹار سلمان خان کریں گے جبکہ وائلڈ کارڈ انٹر کے طور پر سنی لیون، مایاخلیفہ ، راج کندرا کے نام زیر غور ہیں۔