انٹرنیٹ بند نہ کرنے کے حکم میں 6 فروری تک توسیع

سندھ ہائی کورٹ نے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کو انٹرنیٹ بند نہ کرنے کے حکم میں چھ فروری تک توسیع کر دی۔

ملک میں بلاجواز انٹرنیٹ سروس کی بندش کے خلاف درخواست کی سندھ ہائی کورٹ میں سماعت ہوئی۔

چیف جسٹس عقیل عباسی نے کہا کہ انٹرنیٹ تو ہمارا بھی بند ہو جاتا ہے، کہا جاتا ہے سمندر میں انٹرنیٹ کیبل میں خرابی ہو گئی ہے۔

پی ٹی اے اور وفاقی حکومت نے تحریری جواب جمع کرانے کے لیے مہلت مانگ لی۔

جبران ناصر ایڈووکیٹ نے کہا کہ پچھلے سال مئی میں 3 دن مسلسل انٹرنیٹ سروس بند رہی، پوچھا جائے کس قانون کے تحت انٹرنیٹ سروس بند کر دی گئی تھی۔

چیف جسٹس عقیل عباسی نے کہا کہ وہ کہیں گے ہماری مرضی انٹرنیٹ بند کردیا یا کہیں گے کہ تکنیکی فالٹ آگیا تھا۔

جبران ناصر ایڈووکیٹ نے کہا کہ سیاسی جماعتوں اور امیدواروں کی ویب سائٹس بند کر دی گئی ہیں، ایک سیاسی جماعت کی ویب سائٹس پچھلے سات دن سے بند ہے۔

پی ٹی اے کے وکیل نے کہا کہ ملک میں الیکشن ہونے والے ہیں، انٹرنیٹ پر زیادہ رش کی وجہ سے سروس سلو ہو جاتی ہے، پی ٹی آئی مقبول ترین جماعت ہے، دنیا بھر سے فالوور سرچ کرتے ہیں جس سے مسائل ہوتے ہیں۔