ڈھاکا کی پرواز کے مسافر کی طبیعت خراب ہونے پر طیارے کی کراچی ایئر پورٹ پر ہنگامی لینڈنگ

شارجہ سے بنگلا دیش کے دارالحکومت ڈھاکا کی پرواز کے مسافر کی طبیعت خراب ہونے پر طیارے نے کراچی ایئر پورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی۔

ترجمان ایوی ایشن کے مطابق طیارے میں سوار 42 سالہ بنگلا دیشی شہری کا انتقال ہو گیا، ایئر عربیہ کی پرواز جی 9512 نے مقامی وقت کے مطابق رات ڈیڑھ بجے شارجہ سے ڈھاکا کے لیے اڑان بھری، روانگی کے ڈیڑھ گھنٹے بعد پرواز بھارتی فضائی حدود میں تھی کہ طیارے میں سوار ایک مسافر کی طبیعت خراب ہو گئی۔

ایوی ایشن ذرائع کے مطابق پائلٹ نے ایئر ٹریفک کنٹرولر سے رابطہ کر کے کراچی میں میڈیکل ہنگامی لینڈنگ کی اجازت طلب کی اور طیارے کا رخ کراچی کی طرف موڑ دیا، اے ٹی سی سے اجازت ملنے پر پرواز نے مقامی وقت کے مطابق صبح ساڑھے 4 بجے کراچی ایئر پورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی۔

ترجمان سول ایوی ایشن کے مطابق سول ایوی ایشن میڈیکل ٹیم نے مسافر کا معائنہ کیا تو اس وقت تک وہ انتقال کر چکا تھا جس کے بعد ضابطے کی کارروائی اور میت کو ضروری مناسب اقدامات کے بعد ایئر لائن کے حوالے کیا گیا۔

شارجہ سے ڈھاکا کی پرواز پونے 2 گھنٹے تک کراچی ایئر پورٹ پر موجود رہی، طیارہ صبح سوا 6 بجے میت لے کر جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ کراچی سے ڈھاکا کے لیے روانہ ہوا۔