برازیل کے صدر کی شہریوں سے مہنگی اشیاء خور و نوش نہ خریدنے کی درخواست

برازیل کے صدر لوئیز لولا ڈی سلوا نے شہریوں سے مہنگی اشیاء خور و نوش نہ خریدنے کی درخواست کر دی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق برازیل کے صدر نے شہریوں سے یہ درخواست کھانے پینے کی اشیاء کی قیمتوں میں اضافے کے باعث کی ہے۔

انہوں نے اپنے پیغام میں عوام پر زور دیا ہے کہ اشیائے خور و نوش کی خریداری کے وقت سستی چیزوں کا انتخاب کریں۔

انہوں نے کہا کہ اگر آپ سپر مارکیٹ جاتے ہیں اور آپ کو شک ہے کہ کوئی خاص چیز مہنگی ہے تو اسے مت خریدیں، اگر ہر کوئی اسی طرح سوچ کر اشیاء نہ خریدے تو بیچنے والے کو قیمت کم کرنی پڑے گی۔

برازیل کے صدر نے کہا کہ بیچنے والا شخص اگر ایسا نہیں کرے گا تو اس کی چیز خراب ہو جائے گی۔

انہوں نے کھانے پینے کی اشیاء کی قیمتوں میں ہونے والے اضافے پر پریشانی اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ جلد قیمتیں کم ہو جائیں گی۔