غزہ میں جنگ بندی معاہدے پر امریکی صدر کا امیرِ قطر اور مصر کے صدر کا شکریہ

امریکا کے صدر جوبائیڈن نے جنگ بندی معاہدے میں کردار ادا کرنے پر امیرِ قطر اور مصر کے صدر کا شکریہ ادا کیا ہے۔

امریکی صدر جوبائیڈن نے کہا کہ معاہدے کے تمام پہلوؤں پر مکمل طور پر عمل کیا جانا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ غزہ جنگ میں وقفے کے لیے اسرائیلی صدر اور ان کی حکومت کے عزم کو سراہتا ہوں۔

واضح رہے کہ کچھ دیر قبل اسرائیل اور حماس کے درمیان ہونے والے عارضی جنگ بندی کے معاہدے کی تفصیلات سامنے آ گئی ہیں۔

قطری وزارتِ خارجہ کے مطابق اسرائیل اورحماس کے درمیان عارضی جنگ بندی معاہدہ انسانی بنیادوں پر ہوا جس کے تحت امدادی سامان غزہ لے جانے کی اجازت ہو گی۔

قطری وزارتِ خارجہ کی طرف سے کہا گیا ہے کہ امدادی سامان میں ایندھن کی ترسیل بھی شامل ہے۔

قطری وزارتِ خارجہ کے مطابق پہلے مرحلے میں قید خواتین اور بچوں کی رہائی کا تبادلہ ہو گا۔

قطر کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان ماجد الانصاری نے خبر ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 4 روزہ جنگ بندی میں 50 اسرائیلی خواتین اور بچوں کی مرحلہ وار رہائی ہوگی۔