آرمی چیف کی تعیناتی کا عمل پیر سے شروع ہو جائے گا:خواجہ آصف

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ آرمی چیف کی تعیناتی کا عمل پیر سے شروع ہو جائے گا، منگل یا بدھ تک نئے آرمی چیف کا نام سامنے آجائے گا۔

جیو نیوز کے پروگرام آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ میں بات چیت کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ آرمی چیف کی تعیناتی کے حوالے سے حکومت کا اپنے اتحادیوں یا عسکری قیادت سے کوئی اختلاف نہیں ہے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ عمران خان اس مسئلے کو متنازع بنانے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں،انہوں نے کہا کہ عمران خان بار بار کہہ رہے ہیں کہ نوازشریف اپنی مرضی کا آرمی چیف لگائیں گے،وہ کہتے ہیں نیا آرمی چیف آئی جی پنجاب کی طرح ہوگا،اس سے کیس ختم کرائیں گے۔

وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ عمران خان آرمی کے 5 یا 6 تھری اسٹار جنرلز پر سنگین الزام لگا رہے ہیں،ان جنرلز نے 35، 35 سال ملک کی خدمت کی ہے،ان کا شاندار کیریئر ہے،ان میں انیس بیس کا فرق نہیں، سب قابل احترام ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سیاسی مقاصد کے لیے فوج کے استعمال کی روایت عمران خان نے اپنے مفادات کے لیے ڈالی،جب یہ کوشش ناکام ہوئی تو ان کا جھگڑا اس وقت شروع ہوگیا، جس قسم کے الزامات انہوں نے لگائے 75 سال میں کسی سیاستدان نے پاک فوج کی قیادت پر نہیں لگائے۔

اس کے علاوہ وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے بھی کہا ہے کہ نئے آرمی چیف کا فیصلہ ایک دو دن میں ہو جائے گا ۔ اس حوالے سے وزیر اعظم مشاورت کر چکے ہیں۔