پاکستان کیلئےGSP+اسکیم کے امکانات واضح ہونے لگے

یورپین یونین کی جانب سے پاکستان کو ترجیحی تجارتی مراعات کی اسکیم GSP+ کو جاری رکھنے کے امکانات واضح ہوتے جا رہے ہیں۔

اس بات کا عندیہ پاکستان میں یورپین یونین کی سفیر ڈاکٹر رینا کیونکا اور یورپین ایکسٹرنل ایکشن سروس میں پاکستان اور افغانستان کیلئے ہیڈ آف ڈویژن ڈیرن ڈیریا نے یورپین دارالحکومت برسلز میں ایک پینل ڈسکشن کے دوران دیا۔

ڈاکٹر رینا کیونکا کی جانب سے جاری کردہ ایک ویڈیو پیغام میں کہا گیا ہے کہ تجارتی ترجیحات کی یہ اسکیم صرف پاکستان کیلئے ہی نہیں بلکہ اس سے فائدہ اٹھانے والے باقی ملکوں کیلئے بھی جاری رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ کیونکہ یہ صرف پاکستان میں ہی ایکسپورٹرز اور فیکٹری ورکرز اور دیگر لوگوں کیلئے فائدہ مند نہیں ہے بلکہ اس سے پاکستانی مصنوعات کے یورپین خریداروں اور اینڈ کنزیومرز کو بھی فائدہ ہوگا۔

ڈاکٹر رینا کیونکا کا کہنا ہے کہ اس کیلئے اس اسکیم کے حصول سے جڑی ہوئی شرائط پر عملدرآمد کی مانیٹرنگ جاری رہے گی اور اس سے یورپین پارلیمنٹ اور ممبر ممالک کو مطلع کیا جاتا رہے گا۔

پاکستان میں یورپین یونین کی سفیر رینا کیونکا اور یورپین خارجہ امور برسلز میں ہیڈ آف مشن کے مطابق اس سکیم کی مانیٹرنگ سے متعلق تازہ رپورٹ جلد آنے والی ہے۔