کراچی:گرینڈ ہیلتھ الائنس کا احتجاجی مظاہرہ پانچویں روز بھی جاری

کراچی میں گرینڈ ہیلتھ الائنس کا کورونا رسک الاؤنس کی عدم فراہمی پر احتجاجی مظاہرہ پانچویں روز بھی جاری رہا، گزشتہ روز حراست میں لیے گئے مظاہرین کو عدالت نے بری کردیا۔

گرینڈ ہیلتھ الائنس کا کورونا رسک الاؤنس کی عدم فراہمی پر احتجاجی مظاہرہ پانچویں روز کراچی پریس کلب پر جاری رہا، مظاہرین نے سندھ حکومت اور محکمہ صحت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ کی جانب سے بنائی گئی مذاکراتی کمیٹی نے تاحال رابطہ نہیں کیا، جب تک ہمارے مطالبات تسلیم نہیں ہوں گے احتجاج کا سلسلہ جاری رہے گا۔

دوسری جانب احتجاج کے باعث آج بھی سول اسپتال، جناح اسپتال اور قومی ادارہ صحت برائے اطفال سمیت دیگر سرکاری اسپتالوں میں کام بند رہا جبکہ آج ہونے والے آپریشن بھی ملتوی کردیے گئے۔