صوبائی حکومتیں قومی شاہراہوں کو بند کرنے کے عمل کو فی الفور روکیں:رانا ثنا اللّٰہ

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللّٰہ کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومتیں قومی شاہراہوں کو بند کرنے کے عمل کو فی الفور روکیں۔

وزیرآباد واقعے کے بعد پی ٹی آئی کی احتجاجی کال پر بیان دیتے ہوئے رانا ثنا اللّٰہ کا کہنا تھا کہ پنجاب اور خیبر پختونخوا کی حکومتیں مٹھی بھر کارکنان کی پشت پناہی سے باز رہیں۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کی خاموشی اور اس غیر قانونی عمل میں معاونت قابل مذمت ہے، آئی جی پنجاب اور چیف سیکرٹری قانون کی خلاف ورزی پر تادیبی کارروائی کریں۔

وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی اپنی فسطائی سیاست کی ناکامی کا غصہ عوام کو تکلیف دے کر نکال رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومتوں کے ایما پر قومی شاہراہوں کو بند کرنا قابل مذمت اور باعث شرم ہے، سڑکیں بند ہونے سے عوام انتہائی مشکل کا شکار ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مشتعل پی ٹی آئی کارکنان کی بند کی گئی سڑکوں کے سبب مریض اسپتال نہیں پہنچ سکتے۔

رانا ثنا اللّٰہ نے کہا کہ درجن بھر کارکنوں کی شرکت نے ثابت کر دیا کہ اس انتشار کو عوام کی حمایت حاصل نہیں، پی ٹی آئی کی مہم جوئی اور عمران خان کی کال عوام نے مسترد کر دی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عوام رواداری، عزت اور احترام کی سیاست اور جمہوری رویوں پر یقین رکھتے ہیں۔