لال حویلی کے مکین نے انکشافات اور واقعات کا پنڈورا بکس کھول دیا

وزارت داخلہ سمیت 16 مرتبہ مختلف وزارتوں پر فائز رہنے والے اور بزعم خود فوج سے اپنی طویل اور گہری وابستگی کے ساتھ ساتھ ان کا غیر اعلانیہ ترجمان ہونے کا تاثر دینے والے کئی حوالوں سے مقبول سیاستدان شیخ رشید جو سیاسی منظر سے اپنی حالیہ 40 روزہ غیر حاضری کو چلہ کاٹنے کا نام دیتے ہیں، کیا اس دوران انہوں نے خودکشی کرنے کی منصوبہ بندی بھی کی تھی جو بقول ان کے ایک تکنیکی وجہ سے پایہ تکمیل تک نہ پہنچ سکی۔

عید کے موقع پر ٹی وی سکرین پر اچانک ہی نمودار ہوئے تو انہوں نے واقعات، انکشافات کا پنڈورا بکس کھول دیا۔بعض حلقے بغیر کسی روک ٹوک کے نشر کئے جانے والے انٹرویو پر ’’شکوک وشبہات‘‘ کا اظہار بھی کر رہے ہیں۔

شیخ رشید جو منظرعام پر آنے کے بعد بقول خود ان کے مختلف ٹی وی چینلز کو 20سے زیادہ انٹرویوز دے چکے ہیں ان کے انٹرویوز کی تعداد اور ان میں کی جانے والی گفتگو سیاسی حلقوں کے ساتھ ساتھ عوامی سطح پر بھی ایک طرف تو موضوع بحث بنی ہوئی ہے اور سوشل میڈیا پر مختلف نوعیت کے تبصرے کئے جارہے ہیں تو دوسری طرف ایک ہی موضوع یکساں صورتحال میں کی جانے والی گفتگو اور انٹرویوز کی تعداد کے پیش نظر وہ بعض تضادات کا شکار بھی نظر آتے ہیں۔