نریندرا مودی اسٹیڈیم ‘کی چھت بارش کے باعث ٹپکنے لگی

بھارت میں دنیا کے سب سے بڑے کرکٹ اسٹیڈیم ‘نریندرا مودی اسٹیڈیم ‘کی چھت بارش کے باعث ٹپکنے لگی جس کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہوگئیں۔

اتوار کو بھارتی شہر احمد آباد میں دنیا کے سب سے بڑے کرکٹ گراؤنڈ نریندرا مودی اسٹیڈیم میں انڈین پریمیئر لیگ ( آئی پی ایل) 2023 کا فائنل شیڈولڈ تھا۔

تاہم مسلسل بارش کی باعث میچ منسوخ کرکے پیر کو شیڈول کیا گیا۔

ایک لاکھ سے زائد شائقین کی جگہ والے اور کروڑوں روپے مالیت سے بنے اس اسٹیڈیم کی چھت بارش کے باعث ٹپکنے لگ گئی جبکہ گراؤنڈ کی سیڑھیاں آبشار لگنے لگیں جس کے بعد شائقین نےکئی سوالات کھڑے کرد یے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اسٹیڈیم کی چھت سے بارش کا پانی ٹپک رہا ہے۔

ایک صارف نے لکھا کہ کیا700 کروڑ روپے مالیت کا اسٹیڈیم دھوکا ہے؟

دوسرے صارف نے لکھا کہ یہی تو خوبصورتی ہے نریندرا مودی اسٹیڈیم کی کہ آپ چھت کے نیچے بھی کھڑیں ہوں تو بھی آپ بارش میں بھیک جائیں گے۔

اس کے علاوہ ایک اور صارف نے کہا کہ بارش نے جے شاہ کی کرپشن اور انتظامات میں ناکامی کا پول کھول دیا ہے جبکہ ایک اور ویڈیو میں اسٹیڈیم کی سیڑھیاں آبشار کا منظر پیش کررہی تھیں۔

واضح رہے کہ پیر کو نریندرا مودی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میں ایم ایس دھونی کی چنئی سپر کنگز نے گجرات ٹائٹنز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 5 وکٹوں سے شکست دے کر پانچویں مرتبہ آئی پی ایل ٹرافی اٹھالی۔