رواں سال کا دوسرا چاند گرہن 17 ستمبر کو شام کے وقت ہو گا

رواں سال کا دوسرا چاند گرہن 17 ستمبر کو شام کے وقت ہو گا۔

یہ جزوی چاند گرہن ہو گا اور یہ بہت ہی خاص ہو گا کیونکہ یہ ستمبر کے پورے چاند کے ساتھ ہو گا جسے ’فل ہارویسٹ مون‘ کہا جاتا ہے۔

یہ اگست کے ’سپر بلیو مون‘ کے بعد نظر آنے والے والا رواں سال کا دوسرا ’سُپر مون‘ ہے، رواں سال اگلے 2 سپر مون 17 اکتوبر اور 15 نومبر کو دیکھے جا سکیں گے۔

’فُل ہارویسٹ مون‘ اور چاند گرہن زیادہ تر امریکا میں نظر آنے کی توقع ہے جبکہ انٹارکٹیکا، یورپ، افریقہ اور ایشیاء کے کچھ حصّوں میں بھی نظر آئے گا تاہم پاکستان میں اس کا نظارہ نہیں کیا جا سکے گا۔

جزوی چاند گرہن کا آغاز پاکستانی وقت کے مطابق 18 ستمبر کو صبح 7 بج کر 12 منٹ پر ہو گا، جو 7 بج کر 44 منٹ پر عروج پر پہنچے گا اور 8 بج کر 15 منٹ پر اختتام پزیر ہو گا۔

چاند گرہن کیوں ہوتا ہے؟

چاند گرہن اس وقت ہوتا ہے جب زمین چاند اور سورج کے درمیان آ جاتی ہے، جس سے چاند پر سورج کی روشنی نہیں پڑتی اور چاند نظر نہیں آتا۔

چاند گرہن کبھی جزوی اور کبھی مکمل ہوتا ہے، چاند گرہن کا جزوی یا مکمل ہونا اس کی گردش پر منحصر ہے۔

ناسا کے مطابق چاند گرہن کے دوران چاند زمین کے سائے میں آ جاتا ہے لیکن اس کے باوجود بھی کچھ روشنی چاند پر پہنچتی رہتی ہے۔