ملکی حالات خرابی کی طرف بڑھ رہے ہیں:قمر زمان کائرہ

وزیراعظم کے مشیر برائے امور کشمیر اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما قمر زمان کائرہ کا کہنا ہے کہ گورنر ہاؤس کے باہر جو کچھ ہوا وہ افسوسناک ہے، جمہوریت برداشت اور ڈائیلاگ سے چلتی ہے، ڈیڈ لاک سے نہیں۔

لاہور کے علاقے گڑھی شاہو میں پارٹی کے دیرینہ کارکن مانی پہلوان کی رسم قل میں شرکت کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی پی پی رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا کہ ملکی حالات خرابی کی طرف بڑھ رہے ہیں، اپنے اداروں اور مخالفین پر الزام لگانے سے کچھ حاصل نہیں ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ وزیر آباد واقعے کی تفتیش پنجاب پولیس کو کرنی ہے، آپ جے آئی ٹی بنائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جب تک ادارے اور افراد اُنہیں سپورٹ کرتے رہے، تب تک سب کچھ ٹھیک تھا۔