ٹیچر کے تھپڑ مارنے پر طالبہ نے خودکشی کر لی

بھارت کی ریاست جھارکھنڈ میں ٹیچر کے تھپڑ مارنے پر دسویں جماعت کی ایک طالبہ نے خودکشی کر لی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ٹیچر نے 16 سالہ طالبہ اُوشا کماری کو اس بات پر تھپڑ مارا تھا کہ وہ اسکول میں ماتھے پر بندیا لگا کر آئی تھی۔

پولیس نے پرنسپل اور تھپڑ مارنے والی ٹیچر کو گرفتار کر لیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس نے بتایا ہے کہ لڑکی نے اسکول سے گھر آنے کے بعد پنکھے سے لٹک کر خودکشی کی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ خودکشی کرنے والی لڑکی نے ایک نوٹ بھی لکھا تھا جس میں اس نے اس واقعے کا ذمے دار اسکول کی ٹیچر اور پرنسپل کو ٹھہرایا ہے۔