کوئٹہ میں جاری نیشنل گیمز پوائنٹس ٹیبل پر آرمی کی بالادستی برقرار

کوئٹہ میں جاری نیشنل گیمز پوائنٹس ٹیبل پر آرمی کی بالادستی برقرار ہے، واپڈا دوسرے نمبر پر موجود ہے۔

آرمی کے کھلاڑیوں نے اب تک 40 گولڈ، 29 سلور اور 19 برانز میڈل حاصل کیے ہیں۔ واپڈا کے ایتھلیٹس نے اب تک 25 گولڈ، 16 سلور اور 16 برانز میڈل اپنے نام کیے ہیں۔

نیوی کا دستہ 13 گولڈ، 20 سلور اور 22 برانز میڈلز کے ساتھ تیسری پوزیشن پر ہے۔ ائیر فورس کے ایتھلیٹس نے دو گولڈ میڈلز سمیت مجموعی طور پر 22 میڈلز حاصل کیے ہیں۔

ایچ ای سی نے ایک گولڈ، دو سلور اور 16 برانز میڈل جیتے ہیں۔ خیبر پختونخوا نے ایک گولڈ میڈل کے علاوہ 4 برانز میڈلز جیتے ہیں۔

سندھ، پنجاب اور بلوچستان اب تک کوئی گولڈ میڈل نہیں جیت سکے۔ ریلویز اور پولیس کے کھلاڑی بھی طلائی تمغوں سے محروم ہیں۔

بلوچستان نے تین سلور، دو برانز حاصل کیے، پنجاب نے ایک سلور اور 10 برانز جیتے ہیں جبکہ سندھ کے کھلاڑی اب تک صرف 5 برانز میڈل ہی حاصل کر پائے ہیں۔

ریلویز نے 4 اور پولیس نے 2 برانز میڈلز جیتے ہیں۔ گلگت بلتسان، آزاد کشمیر اور اسلام آباد کے حصے میں اب تک کوئی میڈل نہیں آیا۔