1 کروڑ 62 لاکھ 50 ہزار ایکڑ رقبے پر گندم کی کاشت کا ہدف حاصل کر لیا ہے:وزیرِ زراعت پنجاب

وزیرِ زراعت پنجاب عاشق کرمانی نے بتایا ہے کہ صوبے میں 1 کروڑ 62 لاکھ 50 ہزار ایکڑ رقبے پر گندم کی کاشت کا ہدف حاصل کر لیا ہے۔

وزیرِ زراعت پنجاب عاشق کرمانی کی زیرِ صدارت اجلاس ہوا جس میں انہوں نے بتایا کہ آئندہ مالی سال کا بجٹ کسان دوست ہو گا۔

انہوں نے زرعی اصلاحات کے حوالے سے بتایا کہ زرعی شعبے کی ٹرانسفارمیشن کا عمل جاری ہے، ایگریکلچر کمیشن کے لیے مختلف پینل آف چیئرز مقرر کیے جائیں، معیاری بیج کی فراہمی کے لیے پنجاب سیڈ اتھارٹی قائم کر رہے ہیں، اس کے علاوہ صوبے میں ماحولیاتی زونز کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے۔

صوبائی وزیرِ زراعت نے بتایا کہ گندم کے کاشت کاروں کا نقصان نہیں ہونے دیا جائے گا۔

عاشق کرمانی نے کہا کہ اس سال کپاس کی کاشت کے لیے 10 لاکھ ایکڑ ہدف مقرر کیا ہے۔

وزیرِ زراعت پنجاب نے نوید سناتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ 5 ایکڑ یا زیادہ کاشت کرنے والے کاشت کاروں کو کسان کارڈ سے 25 ہزار روپے دیے جائیں گے۔