حماس کے 2 یرغمالیوں کو رہا کرنے پر امریکی صدر کاردعمل

حماس کی جانب سے 2 اسرائیلی یرغمالیوں کو رہا کرنے کی خبر جب امریکی صدر جوبائیڈن تک پہنچی تو وہ پریس کانفرنس کر رہے تھے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی صدر جوبائیڈن وائٹ ہاؤس میں پریس کانفرنس کر رہے تھے اور اسی دوران ان کو اطلاع موصول ہوئی کہ حماس نے مزید یرغمالیوں کو رہا کر دیا ہے۔

اس موقع پر صدر بائیڈن نے پریس کانفرنس اچانک ختم کرتے ہوئے کہا کہ مجھے ایک اور مسئلے سے نمٹنے کے لیے سچویشن روم میں جانے کی ضرورت ہے۔

اس سے قبل امریکی صدر کا کہنا تھا کہ غزہ جنگ بندی پر کوئی بھی بات چیت اس وقت ہو گی جب حماس تمام یرغمالیوں کو رہا کرے گا۔

واضح رہے کہ پیر کو حماس نے 2 اسرائیلی یرغمالیوں کو رہائی دے دی تھی، دونوں خواتین کی عمریں تقریباً 80 برس ہیں۔

فلسطین کی مزاحمتی تنظیم اس سے پہلے امریکی خاتون اور اس کی بیٹی کو بھی رہائی دے چکی ہے۔