گوادر میں دبئی کے طرز کا تجارتی شہر قائم کرنے کی ضرورت ہے:سید فیروز شاہ

بورڈ آف انوسٹمنٹ کے مشیر سید فیروز شاہ کا کہنا ہے کہ پاکستان کو عالمی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے گوادر میں دبئی کے طرز کا تجارتی شہر قائم کرنے کی ضرورت ہے۔

روزنامہ جنگ کے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے سید فیروز شاہ نے کہا کہ ایک ایسا شہر قائم کرنے کی ضرورت ہے جہاں دبئی کے طرز کی خود مختار حکومت ہو، سرمایہ کار دوست قوانین ہوں اور درجنوں کی تعداد میں ٹریڈ فری زون قائم ہوں پھر دیکھیں پاکستان میں کتنی زیادہ اور کتنی تیزی سے عالمی سرمایہ کاری منتقل ہوتی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ پاکستان میں اس وقت سرمایہ کار دوست پالیساں ایسی نہیں ہیں جن کی بدولت بہت بڑی سرمایہ کاری پاکستان منتقل ہوسکے تاہم اگر حکومت پاکستان ایک نیم خود مختار ٹریڈ فری زون قائم کرتی ہے تو پاکستان ایشیاہ میں تجارت کا حب بن سکتا ہے۔

دوران گفتگو ان کا کہنا ہے کہ صنعتی ترقی کے لیے جاپان سے بہت کچھ سیکھنے کی ضرورت ہے جس میں دیرپا اور طویل مدتی پالیسیوں کی تیاری سب سے اہم ہے۔

انہوں نے امید ظاہر کرتے ہوئےہوئے کہا کہ اگلی حکومت ایک مضبوط حکومت ہوگی جو اپنی آئینی مدت بھی پوری کرسکے گی جس سے پاکستان کی معیشت پر گہرے مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔

واضح رہے کہ سید فیروز شاہ ماضی میں جاپان سے سینکڑوں ملین ڈالرز کی سرمایہ کاری پاکستان منتقل کراچکے ہیں اور ان کی خدمات پر انہیں حکوت پاکستان تمغہ امتیاز سے بھی نواز چکی ہے۔