مذاکرات کے لیے حکومت کے پلّے کچھ بھی نہیں:عمر ایوب

قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر و تحریک انصاف کے رہنما عمر ایوب نے کہا ہے کہ مذاکرات کے لیے حکومت کے پلّے کچھ بھی نہیں، وزراء کے ہوش اڑے ہوئے ہیں، یہ آپس میں دست و گریباں ہیں۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمر ایوب نے کہا کہ ملک کو آئی پی پیز کے چنگل میں ن لیگ نے پھنسایا، کیپسٹی چارجز کے مہنگے معاہدے ن لیگ نےخود کیے۔

عمر ایوب نے کہا کہ نگران وزراء اب کیوں مگرمچھ کے آنسو بہا رہے ہیں؟ نگران حکومت کو ہمارے پیچھے ڈالے لگانے سے ہی فرصت نہ تھی۔

انہوں نے کہا کہ دنیا میں بجلی کی پیداواری لاگت کم اور ہمارے ہاں زیادہ ہے، ہم نے اپنے دور میں آئی پی پیز کے ساتھ معاہدوں پر نظرثانی کی، ہم نے آئی پی پیز کے لیے ڈالر ریٹ کو فکس کر کے اربوں ڈالر بچائے۔

عمر ایوب نے یہ بھی کہا کہ ہم نے قطر سے ایل این جی معاہدے پر نظرثانی کر کے 10 ارب ڈالر سے زائد بچائے۔