اسلام آباد آنیوالے مسلح ہیں، ان کا ایجنڈا ملک کی تباہی ہے:وفاقی وزراء

پی ٹی آئی کے ڈی چوک اسلام آباد میں احتجاج کےحوالے سے وفاقی وزراء کا کہنا ہے کہ اسلام آباد آنیوالے مسلح ہیں، ان کا ایجنڈا ملک کی تباہی ہے .

وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ ہر چوتھے روز اسلام آباد پر دھاوا بولنے کی اجازت نہیں دی جائیگی،پی ٹی آئی کی اسلام آباد میں احتجاج کی خواہش پوری نہیں ہو گی.

عطا تارڑ نے کہا ایسی حرکتوں سے یہ پہلے بھی دوست ممالک کو ناراض کرچکے ہیں، خواجہ آصف نے کہا کہ اسرائیل بانی پی ٹی آئی کے ذریعے ہم پر حملہ آور ، تانے بانے جوڑ لیں یہ پاکستان کیخلاف سازش ہے، مصدیق ملک نے کہا فساد کی سیاست نہیں کرنے دینگے۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ سوائے ایس پی کے ہمارے کسی پولیس اہلکار کے پاس بندوق نہیں ہے۔وزیر داخلہ نے کہا کہ علی امین گنڈا پور پہلے پاکستان ہیں اس کے بعد وہ سیاسی کارکن ہیں، وہ سوچیں کہ وہ کیا کررہے ہیں۔

انہوں نے اسلام آباد کے مختلف علاقوں کا فضائی دورہ بھی کیا ۔ سیکورٹی انتظامات اور مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا، وزیر داخلہ کی جانب سے شر پسند عناصر سے سختی سے نمٹنے کی ہدایات کی گئی ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات، قومی ورثہ و ثقافت عطاءاللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے سی پیک کے آغاز پر بھی دھرنا دیا تھا اور جب اقتدار میں آئی تو سی پیک کو سلو ڈاؤن کر دیا۔