چمن میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش ، پانی دھرنا مظاہرین کے خیموں میں داخل ہو گیا

بارش برسانے والا مغربی سسٹم افغانستان سے شمالی بالائی بلوچستان میں داخل ہو گیا جس کے تحت شمالی بلوچستان اور پاک افغان سرحدی علاقوں میں موسلا دھار بارش جاری ہے۔

پاک افغان اور پاک ایران سرحدی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی ہے۔

بابِ دوستی، سوئی کاریز، پرانا چمن، کوژک ٹاپ، خواجہ عمران، شیلا باغ، قلعہ عبداللّٰہ، گلستان، جنگل پیر علیزئی میں موسلا دھار بارش ہوئی۔

چمن شہر اور گرد و نواح میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش کے بعد بارش کا پانی بابِ دوستی کے قریب دھرنا مظاہرین کے خیموں میں داخل ہو گیا۔

تیز بارش اور طوفانی ہوا میں دھرنا مظاہرین کے متعدد خیمے اڑ گئے۔

دھرنے کے منتظمین کا کہنا ہے کہ بارش اور طوفان کے باوجود دھرنا متاثر نہیں ہو گا۔

ادھر بارش کے بعد بلوچستان کے شمال مغربی سرد اضلاع میں طویل خشک موسم کا خاتمہ ہو گیا۔

بارش کے ساتھ طوفانی ہوائیں چلنے سے امیدواروں کی انتخابی تشہیری مہم بھی متاثر ہوئی ہے۔

مختلف علاقوں میں تیز ہوائیں امیدواروں کے بینرز اور پوسٹرز اڑا لے گئیں۔