ٹک ٹاکر دانیہ شاہ اور ان کےشوہر حکیم شہزاد کی گاڑی کو خطرناک حادثہ، ایک شخص جاں بحق

ٹک ٹاکر دانیہ شاہ اور ان کے دوسرے شوہر حکیم شہزاد کی گاڑی کو گزشتہ روز خطرناک حادثہ پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور ایک خاتون زخمی ہو گئی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق حکیم شہزاد اور دانیہ شاہ اپنی ٹیم کے ہمراہ سفر کر رہے تھے کہ اچانک ایک موٹر سائیکل ان کی گاڑی سے ٹکرا گئی۔

دوسری جانب حکیم شہزاد نے نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو کے دوران بتایا کہ موٹر سائیکل سوار غلط سمت سے تیز رفتاری میں آ رہے تھے، ہماری گاڑی نے نہیں بلکہ موٹر سائیکل نے ہماری گاڑی کو ٹکر ماری تھی۔

حکیم شہزاد کے مطابق موٹر سائیکل پر میاں بیوی سوار تھے جن میں سے مرد جاں بحق ہو گیا جبکہ خاتون زخمی ہوئی۔

انہوں نے میڈیا پر زیرِ گردش خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ موٹر سائیکل سوار کی موت موقع پر ہی واقع نہیں ہوئی تھی، اسے اسپتال لے جایا گیا تھا جہاں اس نے دم توڑا، جب حادثہ پیش آیا اس دوران میں گاڑی میں سویا ہوا تھا، میں خود آدھا گھنٹہ بے ہوش رہا۔

حکیم شہزاد نے بتایا ہے کہ گاڑی میرا ڈرائیور چلا رہا تھا اور اس میں کیمرہ مین اور دیگر ملازمین بھی سوار تھے، دانیہ شاہ بھی گاڑی میں موجود تھیں، لیکن وہ محفوظ رہیں۔

انہوں نے بتایا ہے کہ میرے سر پر چوٹ آئی ہے جس کی وجہ سے بے ہوش ہو گیا تھا، ابھی تک ذہنی طور پر مکمل صحت یاب نہیں ہو سکا۔

حکیم شہزاد نے انٹرویو کے دوران نشے میں گاڑی چلانے کے الزامات کو بھی مسترد کر دیا۔

دانیہ اور حکیم شہزاد کی گاڑی کو پیش آنے والے حادثے کی شدت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ ویڈیو میں نظر آنے والی گاڑی کو بہت زیادہ نقصان پہنچا ہے۔

حکیم شہزاد کا کہنا ہے کہ میں کل ہی متاثرہ خاندان کے گھر گیا تھا، متاثرہ فیملی کے 3 بیٹے اور 1 بیٹی ہے۔

انٹرویو کے دوران حکیم شہزاد نے جاں بحق ہونے والے شخص کے بچوں اور اہلِ خانہ کی مالی مدد کرنے کا ارادہ بھی ظاہر کیا۔

یاد رہے کہ دانیہ شاہ نے جولائی 2024ء میں حکیم شہزاد المعروف لوہا پاڑ سے شادی کی تھی۔