معروف شاعر جون ایلیاء کی آج 91 ویں سالگرہ

اردو ادب کے معروف شاعر جون ایلیاء کے مداح آج اپنے پسندیدہ شاعر کی91 ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔

جون ایلیاء کا اصل نام سید جون اصغر تھا، وہ 14 دسمبر 1931ء کو بھارتی ریاست اتر پردیش کے علاقے امروہہ میں پیدا ہوئے تھے۔

ان کے والد علامہ شفیق حسن ایلیاء اردو، فارسی، عربی اور عبرانی زبان کے عالم تھے جبکہ اردو کے نامور دانشور سید محمد تقی اور معروف شاعر رئیس امروہوی ان کے بڑے بھائی تھے۔

جون ایلیاء نے پہلا شعر صرف 8 سال کی عمر میں کہا اور پھر عمر بھر سخن وری کرتے رہے۔

نواجوان نسل کے پسندیدہ شاعر جون ایلیاء برصغیر میں نمایاں حیثیت رکھنے والے پاکستانی شاعر، فلسفی، سوانح نگار اور عالم تھے جنہیں انوکھے اندازِ تحریر کی وجہ سے سراہا جاتا ہے۔

اُنہیں فلسفے، تاریخ، منطق اور یورپی ادب پر وسیع دسترس حاصل تھی۔

جون ایلیاء نے معروف کالم نگار و افسانہ نگار زاہدہ حنا سے شادی کی لیکن وہ کامیاب نہ ہو سکی۔

جون ایلیاء کے شعری مجموعے ’شاید‘، ’یعنی‘، ’لیکن‘، ’گمان‘ اور ’گویا‘ کے نام سے شائع ہوئے ہیں۔

حکومتِ پاکستان نے ان کی خدمات کے اعتراف کے طور پر 2000ء میں انہیں صدارتی تمغۂ حسنِ کارکردگی عطاء کیا تھا۔

جون ایلیاء 8 نومبر 2002ء کو اس دارِ فانی سے کوچ کر گئے تھے، انہیں کراچی میں واقع سخی حسن کے قبرستان میں سپردِ خاک کیا گیا تھا۔