پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج یوم یکجہتی کشمیر منایا جا رہا ہے

اسلام آباد: پاکستان سمیت دنیا بھر میں یوم یکجہتی کشمیر آج منایا جا رہا ہے، اس حوالے سے سرکاری اور نجی سطح پر مختلف شہروں میں تقاریب، ریلیوں، جلسوں اور جلوسوں کا انعقاد کیا جائے گا۔

یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے ہر سال کی طرح ملک بھر میں آج بھی عام تعطیل کی گئی ہے۔ صدر، وزیراعظم سمیت تمام سول اور عسکری قیادت نے اپنے پیغامات بھی جاری کیے ہیں۔

پاکستان کو آزاد کشمیر سے ملانے والے منگلا پل پر انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی گئی اور صبح 10بجے سائرن بجا کر ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔
ملک کے مختلف شہروں میں سماجی اور سیاسی تنظیموں کی جانب سے کشمیر کا مسئلہ اجاگر کرنے کی غرض سے ریلیاں بھی نکالی جائیں گی۔ یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر چاروں صوبائی دارالحکومتوں سمیت شہر شہر ریلیوں کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔

آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کا آج خصوصی اجلاس ہوگا جس میں وزیراعظم شہباز شریف کشمیر اسمبلی سے خطاب بھی کریں گے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آج پورا پاکستان کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی اور حمایت کا اظہار کرنے کے لیے اکٹھا ہے، کشمیری عوام اقوام متحدہ کے منظور شدہ حق خودارادیت کی جدوجہد میں ہندوستانی ظلم و جبر کا سامنا کر رہے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام بھارتی غاصبانہ قبضے سے آزادی کے لیے انتھک جدوجہد کر رہے ہیں، کشمیری عوام نے اپنی قربانیوں سے آزادی کی مشعل کو جلا رکھا ہے۔ میرا یقین ہے کہ کشمیریوں کے خواب جلد ہی پورے ہوں گے۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف نے کہا کہ کشمیری عوام کے ناقابلِ تنسیخ حقِ خود ارادیت کے حصول کیلئے ان کی جائز اور منصفانہ جدوجہد کیلئے پاکستان اُن کی غیر متزلزل حمایت کرتا ہے، ہم بھارتی قبضے کے خلاف کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی دہائیوں پرانی مزاحمت میں بے لوث قربانیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

صدر مملکت نے کہا کہ ہم یہ دن عالمی برادری کی توجہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کی طرف مبذول کرانے کے لیے مناتے ہیں، جموں و کشمیر کے تنازعے کا حتمی فیصلہ عوام کی مرضی کے مطابق اقوامِ متحدہ کے زیر اہتمام آزادانہ اور غیر جانبدارانہ استصوابِ رائے کے جمہوری طریقے سے کیا جائے گا۔