اسلام آباد کے ایڈیشنل سیشن جج ہمایوں دلاور کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف توشہ خانہ کیس کی سماعت کرتے ہوئے 2 درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔
دورانِ سماعت الیکشن کمیشن آف پاکستان کے وکیل امجد پرویز اور چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل گوہرعلی خان عدالت میں پیش ہوئے
گوہر علی خان نے چیئرمین پی ٹی آئی کی آج کے لیے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کر دی جبکہ الیکشن کمیشن کے وکیل امجد پرویز نے چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواستِ استثنیٰ پر اعتراض اٹھا دیا۔
الیکشن کمیشن کے وکیل امجد پرویز نے اعتراض کیا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواستِ استثنیٰ پر ان کے دستخط ہی نہیں ہیں۔
وکیل گوہر علی نے امجد پرویز سے کہا کہ آپ کو کیا جلدی ہے؟ رک جائیں! ٹرائل میں ملزم کو مکمل قانونی حق ملنا چاہیے۔
جج ہمایوں دلاور نے کہا کہ کیا بہتر نہیں تھا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر ٹرانسفر کی درخواست بھی ساتھ لگاتے؟
اس موقع پر وکیل گوہر علی خان نے جج ہمایوں دلاور کی فیس بک پوسٹس عدالت میں دکھا دیں۔