توشہ خانہ کیس،سیشن عدالت میں چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل پیش نہ ہوئے

سیشن عدالت میں توشہ خانہ کیس کی سماعت شروع ہو گئی لیکن پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین کے وکیل پیش نہ ہوئے۔

جج ہمایوں دلاور نے سوال کیا کہ کیا کوئی پی ٹی آئی کی جانب سے وکیل آیا ہے؟

جج ہمایوں دلاور کی جانب سے توشہ خانہ کیس متعدد بار کال کیا گیا۔

سیشن عدالت کے جج ہمایوں دلاور نے الیکشن کمیشن کے وکیل امجد پرویز سے استفسار کیا کہ کیا کچھ کہیں گے؟

جج ہمایوں دلاور نے کہا کہ کوئی شعر و شاعری ہی سنا دیں۔

وکیل امجد پرویز نے کہا کہ وہ ملا توصدیوں بعد بھی میرے لب پہ کوئی گلہ نہ تھا، اسے میری چپ نے رلا دیا جسے گفتگو میں کمال تھا۔

کمرۂ عدالت میں وکیل امجد پرویز کے شعر پر واہ واہ ہو گئی۔

جج ہمایوں دلاور نے اوپن کورٹ میں اب تک کی سماعت کی کارروائی لکھوا دی۔

انہوں سماعت تحریر کراتے ہوئے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے کوئی وکیل دوسری کال پر بھی عدالت پیش نہ ہوا۔

جج ہمایوں دلاور نے دوسری بار سماعت کے دوران پی ٹی آئی وکلاء کی غیرحاضری درج کرائی۔