ویتنام سے بھارت کیلئے ترکش کارگو پرواز کی کراچی میں لینڈنگ

ویتنام کے دارالحکومت ہنوئی سے بھارتی دارالحکومت دہلی کے لیے اڑان بھرنے والے ترکش کارگو طیارے نے گزشتہ شب کراچی میں لینڈنگ کی۔

ترکش ایئر لائن کی کارگو پرواز ٹی کے 6563 ویتنام کے دارالحکومت ہنوئی سے دہلی کے لیے روانہ ہوئی تھی۔

دورانِ پرواز نامعلوم وجہ سے طیارے کا رخ کراچی کی جانب موڑ دیا گیا۔

ایوی ایشن ذرائع کے مطابق ایئر بس اے 330 طیارے نے رات 1 بجے کراچی ایئر پورٹ پر لینڈنگ کی۔

ایوی ایشن ذرائع کا کہنا ہےکہ کارگو طیارہ جناح ایئر پورٹ پر سوا گھنٹے سے زائد موجود رہا۔

ایئر پورٹ ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ کراچی ایئر پورٹ پر ترکش طیارے کی ری فیولنگ کی گئی جس کے بعد طیارہ رات 2 بج کر 21 منٹ پر کراچی سے استنبول کے لیے روانہ ہو گیا۔