ترک صدر رجب طیب اردوان سعودی عرب پہنچ گئے

ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان مئی میں دوبارہ منتخب ہونے کے بعد اپنے پہلے غیرملکی سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے۔

عرب میڈیا کے مطابق ترک صدر شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کریں گے۔ دونوں ممالک کے درمیان باہمی دلچسپی کے مشترکہ امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

عرب میڈیا کے مطابق ترک صدر کے ہمراہ وزرا، اعلیٰ حکام، کاروباری شخصیات اور متعدد سرمایہ کار بھی آئے ہیں۔

عرب میڈیا کے مطابق دونوں ملک اپنے درمیان تجارت کا حجم بڑھانے کے خواہش مند ہیں اور ترک صدر کے اس دورے سے دونوں ملکوں کے درمیان تجارت کے حجم میں اضافہ متوقع ہے۔

اس حوالے سے سعودی وزیر سرمایہ کاری انجینئر خالد الفالح نے کہا ہے کہ ہم سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے کام کر رہے ہیں۔

خالد الفالح نے کہا کہ سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، سعودی عرب میں اقتصادی اور سرمایہ کاری کا ماحول بھی موجود ہے۔

رپورٹس کے مطابق ترک صدر سعودی عرب سے قطر اور متحدہ عرب امارات بھی جائیں گے۔