دو دوستوں نے مختصر وقت میں 48 ریاست گھوم کر عالمی ریکارڈ قائم کردیا

اگر کسی کو اچھا دوست مل جائے تو اسے زندگی مل جاتی ہے اور پھر دوست بھی ایسا جس کا شوق و مشغلہ آپ جیسا ہی ہو تو زندگی بھرپور گزرتی ہے۔

ایسے ہی زندگی سے بھرپور اور ایک جیسی خواہشات کے مالک دو دوستوں نے صرف 38 گھنٹوں اور 13 منٹ میں 48 ریاست گھوم کر اپنا نام گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں درج کروا لیا۔

امریکا سے تعلق رکھنے والے دو پائلٹ دوست جان سکیٹون اور رابرٹ رینالڈز نے رواں سال 17 سے 19 مئی کے دوران 48 متصل ریاستوں کا طیارے سے تیز ترین سفر کرکے یہ شاندار عالمی ریکارڈ قائم کیا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جان سکیٹون اور رابرٹ رینالڈز نے 4 وجوہات کی بناء پر یہ ریکارڈ قائم کرنے کا فیصلہ کیا۔

پہلی وجہ ان کی اپنی ذاتی خواہش تھی کہ وہ ایک ہی سفر کے دوران تمام 448 ریاستوں کا سفر کریں اور اپنی زندگی کی ایک خوبصورت یاد بنا سکیں۔

دوسرا یہ کہ دنیا کو بتا سکیں کہ ایک چھوٹے طیارے میں بھی دنیا کا سفر کیا جاسکتا ہے، تیسرا یہ کہ لوگوں کو دنیا دیکھنے کی ترغیب دے سکیں اور چوتھا یہ کہ سیاحت کو فروغ دے سکیں۔

انہوں نے بتایا کہ اس ریکارڈ کو قائم کرنے کے لئے انہیں ہر ایک ریاست میں لینڈ کرنے کے کچھ ہی دیر بعد دوبارہ ٹیک آف کرنا پڑا اور ریاست نیبراسکا سے آئیووا اور اوہائیو سے ویسٹ ورجینیا کے درمیان 4 منٹ کا سب سے مختصر سفر طے کیا‘۔