یوکرین نے 50 فیصد علاقے پر دوبارہ قبضہ حاصل کرلیا:انٹونی بلنکن

امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے کہا ہے کہ یوکرین نے روس کے قبضے میں رہنے والے اپنے 50 فیصد علاقے پر دوبارہ قبضہ حاصل کرلیا ہے۔

امریکی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یوکرین کو اپنے علاقے چھڑوانے کے لیے ایک بہت مشکل لڑائی لڑنی پڑے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ جنگ اگلے ایک یا دو ہفتوں تک نہیں بلکہ اس کو کئی مہینے لگ سکتے ہیں۔

ایک سوال پر امریکی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ انہیں یقین ہے یوکرین کو امریکی ساختہ F-16 لڑاکا طیارے دیے جائیں گے، ہماری اہم توجہ اس بات پر ہے کہ یوکرین کے پائلٹ مناسب طریقے سے تربیت یافتہ ہوں تاکہ وہ طیاروں کو برقرار رکھنے کے قابل بن سکیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ مہینے کے آخر میں یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی کا کہنا تھا کہ روسی افواج کے خلاف جوابی کارروائی مطلوبہ پیشرفت سے کم تھی۔