امریکا؛ کلاس میں طالبات کو شرٹ اتارنے کا حکم دینے والا پروفیسر برخاست

واشنگٹن: امریکا میں 11 طالبات کو کلاس میں شرٹ اتروانے اور ان کے جسمانی خدو خال کے بارے میں نازیبا ریمارکس دینے پر کالج کے پروفیسر کو نوکری سے نکال دیا گیا۔

فوکس نیوز کے مطابق امریکی محکمۂ تعلیم نے پروفیسر کو ملازمت سے نکالنے کا فیصلہ تین ماہ میں تحقیقات مکمل ہونے کے بعد کیا۔ تحقیقات میں پروفیسر کے خلاف ٹھوس شواہد سامنے آئے تھے۔

طالبات نے تحقیقاتی کمیٹی کو بتایا کہ پروفیسر نے طالبات سے کہا کہ یہ طبی تشخیص سے متعلق ہے جو کہ نصاب کا حصہ ہے۔
طالبات نے مزید کہا کہ پروفیسر نے نہ صرف شرٹ اتروائیں بلکہ طالبات کے جسمانی خدوخال پر نامناسب تبصرے بھی کیے۔

تحقیقات کے دوران یہ بھی پتہ چلا کہ پروفیسر کے اس عمل سے ایک طالبہ ڈپریشن میں چلی گئی اور اسے اپنی تعلیم کا سلسلہ روکنا پڑا۔

تحقیقات مکمل ہونے پر محکمہ تعلیم نے پروفیسر کو ملازمت سے برخاست کرنے کی سفارش کی اور تعلیم ادھوری چھوڑنے والی طالبہ کی بحالی پر زور دیا۔

کالج انتظامیہ نے متاثرہ لڑکی کو دوبارہ ایڈمیشن دیا اور اس کی تمام فیسیں بھی معاف کردیں تاہم کالج انتظامیہ نے برطرف کیے گئے پروفیسر کی شناخت ظاہر نہیں کی۔

کالج انتظامیہ نے پروفیسر کے شرٹ اتارنے کی وجہ نصاب میں شامل طبی تشخیص کو قرار دینے کے مؤقف کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ایسا کرنے کی کوضرورت نہیں تھی۔