استادچاہت فتح علی خان کی پاک فوج سے اظہار یکجہتی ،نیا ملی نغمہ پیش کر دیا

استاد نصرت فتح علی خان کے مداح اور برطانیہ میں مقیم شوقین گلوکار استاد چاہت فتح علی خان نے پاک فوج کو خراج تحسین پیش کر دیا۔

ان دنوں سوشل میڈیا سنسیشن چاہت فتح علی خان اپنی نئی ویڈیو کے باعث ایک بار پھر سوشل میڈیا کی زینت بنے ہوئے ہیں۔

چاہت فتح علی خان نے پاک مسلح افواج سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے اپنا نیا ملی نغمہ ’یہ جو آرمی ہے‘ پیش کر دیا۔

انہوں نے اپنا نیا ملی نغمہ مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر شیئر کیا، جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگیا۔

اپنے منفرد انداز اور مقبول گانوں کی مزاحیہ پیروڈی کے باعث شہرت حاصل کرنے والے شوقین گلوکار نے اب اپنی موسیقی کے ذریعے فوج کا حوصلہ بڑھانے کی کوشش کی ہے۔

گزشتہ روز ریلیز کئے گئے ان کے اس ملی نغمے کی 2 مختلف ویڈیوز کو اب تک مجموعی طور پر 11 لاکھ سے زائد بار دیکھا جاچکا ہے۔