توشہ خانہ کے قیمتی تحائف کی لوٹ مار کی گئی :خواجہ سعد رفیق

وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ توشہ خانے کے کئی قیمتی تحائف اونے پونے خرید کر بیچے گئے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے بیان میں سعد رفیق نے کہا کہ توشہ خانہ کے قیمتی تحائف کی لوٹ مار کی گئی، لوٹ مار کو چھپانے کے لیے جھوٹ پر جھوٹ بولا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ متعدد تحائف بغیر اندراج غائب کیے گئے۔

خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ لانگ مارچ توشہ خانہ کی دلدل میں دھنس چکا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیرِ اعظم عمران خان کو سعودی ولی عہد سے ملی گھڑی سے متعلق دعویٰ کیا گیا کہ 22 جنوری 2019 کو گھڑی 5 کروڑ 10 لاکھ روپے میں بیچی گئی، اسی دن 2 کروڑ روپے کیش توشہ خانہ میں ادا کر دیے گئے۔

شاہ زیب خانزادہ نے کہا کہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ کیا گھڑی فروخت کر کے ادائیگی کی گئی یا پھر توشہ خانے میں 2 کروڑ ادائیگی دکھانے کے لیے گھڑی کی فروخت کی جعلی رسید بنوائی، اگر ایسا ہوا ہے تو آخر 2 کروڑ روپے کس نے ادا کیے؟