نجی اسکول میں نقل کرتی طالبات کو پکڑنے پر رکن ویجیلینس ٹیم وومن امبر سلطانہ کو نقل مافیا کی طرف سے دھمکیاں

کراچی میں میٹرک کے امتحانات دوران کھلے عام نقل کا سلسلہ جاری ہے اور کورنگی میں نجی اسکول میں نقل کرتی طالبات کو پکڑنے پر رکن ویجیلینس ٹیم وومن امبر سلطانہ کو نقل مافیا کی طرف سے دھمکیاں دی گئیں۔

امبر سلطانہ نے کورنگی کے لکھنؤ سوسائٹی میں قائم نجی اسکول پر چھاپہ مارا تو چھاپے کے دوران 40 سے زائد طالبات کو کوریڈور میں ایک ہی ڈیسک پربٹھاکرامتحان لیاجارہا تھا۔

امبر سلطانہ کے مطابق اسکول انتظامیہ 40 سے زائد بچوں کو ایک ہی کلاس میں بٹھاکر ان کو کاپی کروا رہی تھیں جبکہ دیگر بچیوں سے کلاس میں ہی امتحان لیا جارہا تھا۔

امبر سلطانہ کا کہنا ہے کہ اسکول انتظامیہ کی جانب سے دھمکیاں دی گئیں اور کہا گیا کہ یہ ایسے ہی امتحان دیں گے اور ہمارا کوئی کچھ بگاڑ نہیں سکتا جو کرنا ہے کرلیں، اگر آپ نے اوپر شکایت کی تو سوچ لیں۔

دوسری جانب وزیر برائے تعلیمی بورڈ سندھ اسماعیل راہو نے واقعے کا نوٹس لے لیا اور نقل میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کا اعلان کیا۔

انہوں نے کہا کہ بورڈز چیئرمین اور کنٹرولرز ملوث افراد کے خلاف ایکشن لیں۔