انڈسٹری میں اپنی جگہ بنانے کے لئے خوب جدوجہد کرنی پڑی:وہاج علی

جیو ٹی وی کے بلاک بسٹر ڈرامہ سیریل ’تیرے بن‘ کے ہیرو اور پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کے معروف اداکار وہاج علی کا کہنا ہے کہ انہیں بحیثیت اداکار انڈسٹری میں اپنی جگہ بنانے کے لئے خوب جدوجہد کرنی پڑی۔

سوشل میڈیا پر وائرل ایک ویڈیو میں اداکار کو کہتے ہوئے سُنا جاسکتا ہے کہ بطور اداکار انہیں بے شک ابتدائی پروجیکٹس حاصل کرنے میں زیادہ جدوجہد نہیں کرنا پڑی لیکن مرکزی کرداروں کو حاصل کرنے کے لیے بہت جدوجہد کی ہے۔

وہاج علی کا کہنا ہے کہ انہوں نے بطور اداکار اپنے ہنر اور اداکاری کو سیکھنے اور اسے بہتر سے بہتر بنانے کے لئے ہر ممکن کوشش کی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ میں نے اپنے ہنر کو نکھارنے کے لیے کوششیں کی ہیں جس سے میرے سوچنے کا عمل بھی متحرک ہوا اور میرا کام بھی بہترہوا، جب بھی کوئی میرے کام پر تنقید کرتا ہے تو میں اس چیز کو سراہتا ہوں اور اپنے کام کو بہتر بنانے کی کوشش کرتا ہوں اور اپنی صلاحیتوں پر کام کرتا ہوں۔

وہاج علی کا کہنا ہے کہ مجھے خوشی محسوس ہوتی ہے کہ صرف کسی کی رائے کی وجہ سے، میرے سوچنے کا عمل متحرک ہوا اور میں نے اپنی صلاحیتوں اور فن کو صحیح وقت پر درست کرلیا۔

کام کی بات کی جائے تو اداکار ڈرامہ سیریل ’دل ناامید تو نہیں‘، ’جو بچھڑ گئے‘ اور ’عشق جلیبی‘ میں پہلے ہی اپنی اداکاری کا لوہا منوا چکے ہیں۔