9 مئی کو جو کچھ ہوا اس کا براہِ راست تعلق آج کے یومِ تکبیر سے ہے:خرم دستگیر

وفاقی وزیرِ توانائی خرم دستگیر کا کہنا ہے کہ 9 مئی کو جو کچھ ہوا اس کا براہِ راست تعلق آج کے یومِ تکبیر سے ہے۔

خرم دستگیر نے یومِ تکبیر پر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ افواج سب سے پہلے پاکستان کی ایٹمی قوت کی محافظ ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ بھارت اب جہاز تو بھیجے گا لیکن بڑا حملہ کرنے کا سوچ بھی نہیں سکتا کیونکہ بھارت کے 5 دھماکوں کے جواب میں نواز شریف نے 6 دھماکے کیے۔

وفاقی وزیر نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے کشمیر پر قبضہ پختہ کیا تو عمران خان نے کہا کہ ہم ہر جمعے آدھا گھنٹہ کھڑے ہوں گے، اُنہوں نے کشمیر پر مودی کے قبضے کے جواب میں بزدلی اور کمزوری دکھائی۔

خرم دستگیر نے کہا کہ ہمارے قائدین کو عمران خان نے جیلوں میں ڈالا، تشدد کیا لیکن وہ آج تک بولے نہیں کیونکہ وہ بہادر لوگ ہیں، نہیں بتائیں گے لیکن ہمیں پتہ ہے۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ کسی نے بھی نہیں کہا کہ وہ پارٹی چھوڑ رہے ہیں، کیا ان کے بچے اور خاندان نہیں ہیں۔

وفاقی وزیر نے یہ بھی کہا کہ اللّٰہ تعالی نے نواز شریف اور ان کے ساتھیوں کو ہمت دی، وہ روئے نہیں، پیچھے بھی نہیں ہٹے اور یہ بھی نہیں کہا کہ سیاست چھوڑ رہے ہیں۔