بانی پی ٹی آئی نے جیل جانے سے پہلے جو جو بات کی وہ صحیح ثابت ہوئیں:فیصل جاوید

پی ٹی آئی رہنما فیصل جاوید نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے جیل جانے سے پہلے جو جو بات کی وہ صحیح ثابت ہوئیں۔

سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل جاوید نے کہا کہ توشہ خانہ، سائفر اور القادر کوئی بھی کیس ہو وہ صحیح ثابت ہوئے۔

فیصل جاوید کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی پر مقدمات کی ڈبل سینچری ہوئی ہے، ان پر ایک بھی مقدمہ ٹھیک نہیں تمام بوگس ہیں، آج بھی وہ دو مقدمات میں بری ہوئے، ان کا مؤقف واضح ہے کہ انصاف ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن میں ووٹر کی منشا کے مطابق فیصلہ ہوتا ہے، آزاد انتخاب سے ہی جمہوریت آسکتی ہے، فارم 47 درمیان میں آیا اور نتائج تبدیل کر دیے گئے۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا ہے کہ اقلیتوں کا حق تو یہ ہے کہ جس کو عوام نے ووٹ دیا وہ اسمبلی پہنچے، یہ جہاں خالی نشست دیکھتے ہیں ان کے منہ میں پانی آجاتا ہے۔